Live Updates

بانی پی ٹی آئی بدترین حکمرانی کے بعد تحریک عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کئے گئے

عمران خان نے بغاوت کی اور9مئی برپا کیا ،وطن کی اساس کو للکارا اور دفاعی علامات کو نشانہ بنایا، ملک دیوالیہ کرنے کی کوشش کے بعد اکاموڈیشن کی امید احمقوں کی جنت جیسی ہے، وزیردفاع خواجہ آصف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 فروری 2025 23:02

بانی پی ٹی آئی بدترین حکمرانی کے بعد تحریک عدم اعتماد کے ذریعے فارغ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 فروری 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بدترین حکمرانی کے بعد تحریک عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کئے گئے، عمران خان نے بغاوت کی اور9مئی برپا کیا ،وطن کی اساس کو للکارا اور دفاعی علامات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بدترین حکمرانی کے بعد تحریک عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کئے گئے، آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ قید ہوئیں، 2018کے بعد نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، حمزہ شہبازقید ہوئے، بانی پی ٹی آئی نے بغاوت اور9مئی برپا کیا گیا،وطن کی اساس کو للکارا اور دفاعی علامات کو نشانہ بنایا گیا، شہداء کی یادگاروں پر حملے کئے گئے، اداروں اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، 75 سالوں میں جس رہنماء پر بھی آزمائش آئی اس نے عزت ووقار کے ساتھ اس کا سامنا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ کرنے کی کوشش کے بعد اکاموڈیشن کی امید احمقوں کی جنت میں رہنے کی بات ہے، ماضی میں کسی نے بھی اقتدار سے نکلنے کے بعد دفاعی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا۔ 77 سالہ تاریخ میں کسی لیڈر یا جماعت نے ملکی علامات کو نشانہ نہیں بنایا۔مزید برآں وزیردفاع خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جب آزادی رائے کی بات ھوتی ھے تو صرف میڈیا فریق نہیں ھوتا۔

اسمیں میرے جیسے سیاسی ورکر کا اظہار رائے کا حق بھی شامل ھوتا ھے ۔ ایک عام شہری کا حق بھی شامل ھوتا ھے۔ جب میں ملک ریاض کا نام لیتا ھوں اور میڈیا اپنے مالی مفادات کے تحفظ کے لئے اس کو سنسر کر دے تو میڈیا میرا آزادی رائے  کا حق سلب کر رہا ھوتا ھے۔ الیکٹرانک میڈیا پہ یہ لازم ھے کہ وہ 10منٹ کا کمرشل ٹائم پبلک سروس میسجز کے لئے مختص کرے ۔ جب میڈیا اپنے مالی مفادات کے لئے یہ فرض ادا نہیں کرتا تو وہ اسوقت عوام کے حقوق کو پامال کر رہا ھوتا ھے بلکہ بد دیانتی کر رہا ھوتا ھے۔ اور یہ واردات پیمرا کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ھو سکتی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات