سیاسی پارٹیوں نے عوام کو روٹی کپڑا مکان، ایشین ٹائیگر، ریاست مدینہ کے نام پر دھوکہ دیا

عوام اب ان کے پیچھے نہ بھاگیں، مسلط حکمران طبقہ جھوٹے وعدے کررہا ہے، ان سب نے مل کر ملک تباہ کردیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 8 فروری 2025 19:06

سیاسی پارٹیوں نے عوام کو روٹی کپڑا مکان، ایشین ٹائیگر، ریاست مدینہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے نیوزایجنسی۔ 08 فروری 2025ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں نے عوام کو روٹی کپڑا مکان، ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے اور مدینہ کی ریاست کے نام پر دھوکہ دیا۔ عوام سراب کے پیچھے نہ بھاگیں، مسلط حکمران طبقہ سالہا سال سے جھوٹے وعدے کررہا ہے، انہوں نے مل کر ملک تباہ کردیا۔

اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے، جماعت اسلامی نے جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔
منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں بہترین امت قرار دیا ہے، اس سے قبل یہ مرتبہ بنی اسرائیل کے پاس تھے، ہم وہ امت ہیں جو لوگوں کو نیکی طرف بلاتے ہیں اور برائی سے روکتے ہیں، ہمارا کام صرف محنت کرنا ہے، اگر ہم محنت جاری رکھیں گے اور بہترین انسان تیار کریں گے تو اللہ تعالی ہمیں انعام میں تاج شاہی عطا کرے گا، یہ اللہ تعالی کا وعدہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا آئین اور ارکان سے اس کا نظم تشکیل پاتا ہے، ہر فرد جو جماعت کا حصہ ہے وہ نظم جماعت کا پابند ہے، جماعت کا رکن جماعت کا مالک ہے اور اس کے ذمہ معاشرہ میں تبدیلی کی جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تذکیہ نفس پر توجہ دیتی ہے، ہم انسانوں کی دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے محنت کرتے ہیں، جماعت اسلامی اور دیگر پارٹیوں میں فرق ہے۔

انہوں نے کہا ملک میں کرپٹ اور فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ تربیت گاہ میں سوات سے آئے ہوئے افراد شریک تھے۔ مزید برآں سرسبز پاکستان پنجاب لاہور کے دعوے تحلیل ہو رہے ہیں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے حکومت پنجاب اور پی ایچ اے سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹس پر پندرہ پندرہ سالوں کے تناور درختوں کو اکھیڑ کر پھینکنے اور ان کی جگہ فاصلے فاصلے پر پام کے پودے لگانے کی اسکیم کو فی الفور بند کیا جائے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ ملتان روڈ پر بھی یہ اکھاڑ پھچاڑ شروع کر دی گئی ہے حالانکہ یہ دو رویہ سڑک کے درمیان چلنے والی ٹریفک لائٹس اور حادثات سے بچاؤ سے تحفظ کے مقاصد کیلئے لگائے گئے تھے اور خوبصورتی کا کام بھی کرتے تھے معلوم نہیں کمیشن مافیا ایسی سکیموں کے اجرا پر حکومت کو کیسے آمادہ کر لیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسی علاقے میں ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ کیلئے عوام نے جو اپنے گھروں کے باہر نیم اور دھریک کے پودے لگائے تھے ان کو بھی کاٹا جا رہا ہے حکمران ایک طرف سرسبز پاکستان و پنجاب سرسبز لاہور کے دعوے کرتے ہیں دوسری طرف پہلے سے سرسبز درختوں پودوں کو کاٹتے ہیں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ایسا کرنا قانونی جرم ہے اور عدالتیں پہلے ہی اس سلسلے میں فیصلے دے چکی ہیں اور کمیشن مافیا باز نہ آیا تو ان کے خلاف عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔