یونیورسٹی آف سرگودھا میں تھیلیسیمیا میں مبتلاء مریضوں کیلئے خصوصی بلڈ کیمپ کا انعقاد

منگل 11 فروری 2025 23:17

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں خون کے عطیات کے لیے خصوصی بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعے تھیلیسیمیا میں مبتلا مریضوں کے لیے خون کے عطیات کو یقینی بنایا گیا۔ نو ن بزنس سکول، گیو لائف فاؤنڈیشن اور سندس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، گیو لائف فاؤنڈیشن کے بانی عثمان حسیب، معروف تاجر رہنما و سماجی کارکن مختار احمد مرزہ سمیت مختلف تعلیمی و تدریسی شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ا س موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے خون عطیہ کرنے کے عمل کو معاشرے کی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ کسی ایک فرد کی جان بچایا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے جبکہ خون عطیہ کرنے کا عمل انسانی ہمدردی پر مبنی عظیم کام ہے۔ انہوں نے خون کے عطیات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی فراہمی زندگی اور امید کا پیغام ہے۔

انہوں نے طلبہ، فیکلٹی و سٹاف ممبران کو اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے جس سے تھیلیسمیا کے مریضوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ڈاکٹر ریحانہ الیاس اور ڈاکٹر محمود الحسن نے خون کے عطیات یقینی بنانے کے فلاحی کام پر نون بزنس سکول، گیو لائف فاؤنڈیشن اور سندس فاؤنڈیشن کو سراہا۔ عثمان حسیب نے کہا کہ تھیلیسیمیاکے مریضوں کے لیے خون کے عطیات کو یقینی بنایا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ ان معصوم جانوں کو بچایا جا سکے جو اس مرض کی وجہ سے اذیت میں مبتلا ہیں۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خون کے عطیات دیے۔

متعلقہ عنوان :