راولپنڈی،پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت 36 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 13 فروری 2025 15:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2025ء) راولپنڈی میں پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت 36 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزرا پنجاب سہیل شوکت بٹ اور بلال اکبر خان نے تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ملک ابرار احمد، انجینئر قمر السلام، شازیہ رضوان، راجہ محمد حنیف ایڈوکیٹ، ضیا اللہ شاہ، تحسین فواد، ملک افتخار راجہ منصور، نعیم اعجاز، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔

پنجاب دھی رانی پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کا تعلق راولپنڈی، اٹک،جہلم اور مری سے ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ہر جوڑے کے خاندان کے 20 افراد نے بھی شرکت کی۔مجموعی طور پر تقریب میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سلامی کارڈز جوڑوں کو پیش کیے گئے۔دعاؤں اور نیک خواہشات کے ساتھ جوڑوں کی رخصتی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کیا گیا دھی رانی پروگرام تاریخ ساز پروگرام ہے۔

ایسے شاندار پروگرام کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہ پروگرام سماجی ناہمواریوں کے خاتمے کے لیے معاون ہے۔ پنجاب دھی رانی پروگرام کے ذریعے سیکڑوں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک 31 اضلاع میں دھی رانی پروگرام کی تقاریب منعقد کی جا چکی ہیں۔ ریاست ہوگی ماں کے جیسی کی مثال دھی رانی پروگرام میں نظر آتی ہے۔صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فلاحی اقدام دھی رانی پروگرام قابل تحسین ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کے درد کو محسوس کرتی ہیں۔ دھی رانی پروگرام مستحق خاندانوں کے افراد کے لیے شروع کیا گیا ہے۔دھی رانی پروگرام کے تحت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ایسے فلاحی پروگراموں کے ذریعے معاشرتی سطح پر مثبت تصور سامنے لانے میں مدد ملتی ہے۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ان لوگوں کے لیے امید کی کرن ہیں جو وسائل کی کمی کا شکار ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب عوام دوست فلاحی اقدامات کے ذریعے معاشرتی ناہمواری کو ختم کررہی ہیں۔\378