لاہور ، انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

جمعرات 13 فروری 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2025ء) لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے رمضان شوگر مل کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی بریت کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا عدالت نے قرار دیا کہ نالے کی تعمیر کیلئے تمام قانونی ضابطے پورے کئے گئے تھے۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج سرداد محمد اقبال ڈوگر نے بارہ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمے کے دیگر گواہوں کو ثبوت کی عدم دستیابی کے باوجود سننا بے سود ہو گامدعی مقدمہ کے مطابق اس نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف نیب کو کوئی درخواست نہیں دی جبکہ نالے کی تعمیر کیلیے تمام قانونی ضابطے پورے کئے گئے تھے۔

تفصیلی فیصلے کے مطابق اینٹی کرپشن، رمضان شوگر مل نالے کی تعمیر میں بیضابطگی ثابت کرنے میں ناکام رہے شہباز شریف کی جانب سے نالے کی تعمیر کے لیے ڈائریکٹو اس وقت کے ایم پی اے کی درخواست پر جاری کیا گیاتھا شہباز شریف کبھی رمضان شوگر مل کے ڈائریکٹر نہیں رہے۔

(جاری ہے)

نالے کی تعمیر کے وقت حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل کے سی ای او نہیں تھے کسی گواہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایک لفظ کی گواہی بھی نہیں دی اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سزا کا امکان نہیں ہے اس لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں اور رمضان شوگر مل کرپشن کیس سے بری کیا جاتا ہے۔