کوئٹہ ،بسنت ،پتنگ بازی سرگرمیوں کی شدید مذمت

غیر اسلامی، غیر اخلاقی ،انسانی جانوں کیلئے خطرناک قرار دیا

جمعہ 14 فروری 2025 20:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے اپنے ایک اخباری بیان میں بسنت اور پتنگ بازی کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر اسلامی، غیر اخلاقی اور انسانی جانوں کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار نہ صرف اسلامی اقدار کے منافی ہے بلکہ معاشرتی بگاڑ اور جان لیوا حادثات کا سبب بھی بنتا ہے۔

جے یوآئی ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے کہا کہ ہر سال بسنت کے موقع پر معصوم جانیں ضائع ہو جاتی ہیں، گردنیں کٹتی ہیں، حادثات رونما ہوتے ہیں اور گھروں کے چراغ بجھ جاتے ہیں۔ پتنگوں کی ڈوریں موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتی ہیں، جبکہ ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں ایسے تہواروں کی کوئی گنجائش نہیں جو فحاشی، بے حیائی اور اخلاقی تباہی کا باعث بنیں۔ جمعیت علماء اسلام حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بسنت اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کرے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے والدین، علماء کرام، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اس خرافات کے خلاف آواز اٹھائیں اور نوجوان نسل کو اس غیر ضروری اور مہلک تفریح سے دور رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔