کراچی میں ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر آمد سے متعلق دفعہ 144 نافذ

جمعہ 14 فروری 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2025ء) کمشنر کراچی نے ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر آمد سے متعلق دفعہ 144 نافذ کردی۔کمشنر کراچی نے ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر آمد سے متعلق دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔کمشنر کراچی نے کہاکہ شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کا بہا یقینی بنانے کے لئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور شہر کی حدود میں بھاری ٹریفک کی نقل و حرکت منظم کرنے کے لئے پابندی لگائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 6 بجے کے سوا شہر میں ڈمپروں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی جب کہ ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر آمد و رفت پر پابندی ڈی آئی جی ٹریفک کی درخواست پر لگائی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کنسٹرکشن مٹیریل لے جانے والی ہیوی گاڑیاں مقررہ روٹ سے داخل ہوسکیں گی تاہم نیشنل ہائی وے سے براستہ گودام چورنگی جام صادق برج تک پابندی سے مستثنی گاڑیاں داخل ہوسکیں گی۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ناردرن بائی پاس سے ایسٹ ویسٹ و ہارف تک گاڑیاں آمد و رفت کرسکیں گی، ہیوی گاڑیوں اور ڈمپرز کے لیے پابندی کا اطلاق 2 ماہ کے لیے ہوگا جب کہ پانی، دوائیں اور لیکویڈ گیس کی گاڑیاں پابندی سے مستثنی ہوں گی۔