کیسکو ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیر اہتمام آپریشن سرکل کیسکو مکران تربت میں سیفٹی سیمینار کاانعقاد

منگل 18 فروری 2025 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2025ء)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ (ایچ ایس ای) ڈائریکٹوریٹ اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین( سی بی ای) کے زیر اہتمام آپریشن سرکل کیسکو مکران تربت میں لائن اسٹاف اور کارکنوں کے لئے ایک روزہ سیفٹی سمینارمنعقد کیاگیا۔ چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئر یوسف شاہ خان کی خصوصی ہدایات پر سیفٹی سمینارکا انعقاد کیا گیا جسکا مقصد کیسکوملازمین بالخصوص لائن اسٹاف کی حفاظت اورکام کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بناناہے۔

سیفٹی سمینار میں کیسکوکے ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ (ایچ ایس ای) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ،آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک (ورکرز) یونین کے مرکزی جائنٹ صدراورصوبائی چیئرمین حاجی رمضان اچکزئی، سپرنٹنڈنگ انجینئر مکران سرکل حسن علی مگسی،ایگزیکٹوانجینئرز،افسران اور ہائیڈرو یونین کے صوبائی و مرکزی عہدیداروں کے علاوہ ملازمین نے کثیر تعدادمیں شرکت کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیمنارکے شرکاء نے کام کے دوران کارکنوں کی حفاظت اور حفاظتی پالیسی پر عمل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ بجلی لائنوں پر کام سے پہلے حفاظتی اقدامات کو مدنظررکھیں اورلائن اسٹاف اپناحفاظتی سامان ضروراستعمال کریں تاکہ حادثات سے بچایاجاسکے کیونکہ انسانی جان کاکوئی نعم البدل نہیں ہے۔مقررین نے کہا کہ کیسکو کے اہلکاران انتہائی نامساعد حالات میں تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ہمارے متعدد قیمتی کارکن فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید اور متعدد زخمی ہو کر عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی جانوں کی حفاظت کیلئے انھیں ٹی اینڈ پی ، پی پی ای اور معیاری سامان فراہم کیا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بڑھایا جاسکے۔