اسلام آباد ہائی کورٹ میںپیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت 17 اپریل کوہوگی

بدھ 19 فروری 2025 18:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2025ء )اسلام آباد ہائی کورٹ میںپیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت 17 اپریل کوہوگی عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے، جسٹس راجا انعام امین منہاس نے اٹارنی جنرل کو بھی معاونت کے لیے طلب کر رکھا ہے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جی)، صحافی حامد میر اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے پیکا ترمیمی ایکٹ کو چیلنج کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کیس جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت میں زیر التوا دیگر کیسز کے ساتھ منسلک کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وکیل نے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی تھی، جس پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے تھے کہ جسٹس انعام امین منہاس ہی لارجر بینچ بنانے کی درخواست پر فیصلہ کریں گے۔

11 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جی) اور اینکرز ایسوسی ایشن کی پیکا ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر عدالتی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ایف یو جے اور اینکرز ایسوسی ایشن کی پیکا ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے کی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔