دنیا بھر کی طرح سندھ میں بھی عالمی یوم اسکاوٹس انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 22 فروری 2025 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2025ء)دنیا بھر کی طرح سندھ میں بھی عالمی یوم اسکاوٹس انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اس موقع پر سندھ بھر میں اسکاوٹ تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں اور شجر کاری کی گئی، اس حوالے سے مرکزی تقریب گلستان اسکاوٹس ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوئی جس میں اسکاوٹ تحریک کے بانی کی سالگرہ کا کیک کاٹاگیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسکائوٹ سیکریٹری سید اختر میر کا کہنا تھا کہ لارڈ بیڈن پاول نے 1907 میں جس تحریک کا آغاز کیا تھا آج دنیا کے کونے کونے میں یہ تحریک نوجوانوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ، پاکستان میں بھی خصوصا سندھ بھر میں گزشتہ سالوں میں اسکاوٹ تحریک پروان چڑھی ہے ، صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا خیر پور میں ورلڈ اسکاوٹ ڈے کے حوالے سے نائب صوبائی سیکریٹری رضا محمد شیخ کی سرپرستی میں دو روزہ اسکاوٹس کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 250سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی،اس موقع پر سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی نفیسہ شاہ، سابق ایم این اے نواب علی خان وسان ،ضلع کونسل خیر پور کے وائس چیئرمین سید فہد علی شاہ جیلانی، نیشنل ٹریننگ ٹیم کے سیکریٹری عتیق الرحمن میمن ، مشتاق علی آریجو ، فقیر محمد ڈایو ،لیاقت علی ملاح، محمد افضل کیعلاوہ اسکاوٹ لیڈرز اور اسکاوٹس نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں حیدر آباد ، میر پور خاص، ٹھٹھہ ، بدین ، لاڑکانہ ،سکھر ، نوشہروفیروز،شکار پور،جیکب آبادسمیت سندھ کے تمام ڈویژنل اور ضلعی اسکاوٹ ہیڈ کوارٹرز پر بھی عالمی یوم اسکاوٹس کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں ،ریلیاں نکالی گئیں اور لارڈبیڈن پاول کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جس میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ اسکاوٹ عہدیداران کے علاوہ اسکاوٹس یونٹ اور گروپس شرکت کی اور لارڈ بیڈن پاول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تحریکی کارناموں پر روشنی ڈالی ۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر بدین میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ اسکاوٹ سیکریٹری میر محمد کھوسو، طارق ظفر راجپوت،نور احمد کھتری،احمد عباسی اور اسکاوٹس عہدیداران کے علاوہ اسکاوٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسکاوٹ تحریک کے بانی لارڈن بیڈن پاول کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ڈسٹرکٹ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن قمبر شہدا د کوٹ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکاوٹس عہدیداران اور اسکاوٹس نے شرکت کی ، علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن ساوتھ کراچی نے بھی عالمی یوم اسکاوٹس کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا اور لارڈ بیڈن پاول کی سالگرہ کا کیک کاٹااور شجر کاری کی ۔