کاروباری برادری عالمی بینک کے تحت پاکستان میں 40ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے10سالہ پیکیج کا خیرمقدم کرتی ہے،خالد محمود چیمہ

پیر 24 فروری 2025 16:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری خالد محمود چیمہ،سینئر وائس چیئر مین خالد عزیزاورسابق چیئر مین چوہدری محمد نوازنے کہا ہے کہ کاروباری برادری عالمی بینک کے تحت پاکستان میں 40ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے10 سالہ پیکیج کا خیرمقدم کرتی ہے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کا فیصلہ پاکستان کے سیاسی ومعاشی حالات میں بہتری کا اعتراف ہے جس کیلئے وزیراعظم، آرمی چیف اور انکی ٹیم نے بہت محنت کی ہے۔

بعدازاں کاروباری برادری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پاکستان کا ادارہ جاتی ومعاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے جاری ہے اورملک کی معیشت صحیح سمت اور ترقی کی جانب گامزن ہے جسکی وجہ سے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں اورعالمی اداروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 10سالہ 40ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا فیصلہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم اورانکی ٹیم کوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 40 ارب ڈالرمیں سے20ارب ڈالرسماجی شعبوں پرخرچ کئے جائیں گے جس سے صحت اور تعلیم سمیت کئی سیکٹرزمیں بہتری آئیگی،اسکے علاوہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نجی شعبہ میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جس سے معاشی ترقی کی رفتارمیں اضافہ ہوگا جس سے روزگار، محاصل اور پیداواری صورتحال میں بہتری آئے گی۔