تاجر برادری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے، کاروبار کرنے میں آسانی اور ملک کی معاشی بہبود میں کردار ادا کرنے کے لئے مثالی اتحاد کی ضرورت ہے، ناصرمنصور قریشی

منگل 25 فروری 2025 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے تاجر برادری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے، کاروبار کرنے میں آسانی اور ملک کی معاشی بہبود میں کردار ادا کرنے کے لئے مثالی اتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپر مارکیٹ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے)کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق نے صدر شہزاد عباسی، جنرل سیکرٹری ثاقب عباسی اور دیگر سے حلف لیا۔

تقریب میں آئی سی سی آئی کے سابق صدور زبیر احمد ملک، ظفر بختاوری، خالد اقبال ملک، شوکت مسعود، اعجاز عباسی، اور خالد جاوید کے علاوہ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری سمیت بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تاجروں، صنعتوں اور خدمات کے شعبوں کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے زور دیا کہ آئی سی سی آئی فیصلہ سازوں کے ساتھ بات چیت میں سرگرم ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کا دوسرا گھر ہے اور یہ کہ ممبران چیمبر کے ساتھ مستقل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق نے بزنس کمیونٹی کی بلا تفریق خدمت کرنے کے گروپ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور کونسل ممبر عبدالرؤف عالم نے بھی تاجروں کے درمیان زیادہ اتحاد پر زور دیا تاکہ وہ اپنی اجتماعی آواز کو مضبوط کریں اور کاروبار سے متعلقہ چیلنجز کو مؤثر طریقے سے حل کریں۔

اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر ٹی ڈبلیو اے سپر مارکیٹ شہزاد عباسی نے تاجر برادری کی بہتری کے لئے تندہی سے کام کرنے کا عہد کیا۔ اسی طرح صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کرایہ داروں اور جائیداد کے مالکان کے درمیان ثالثی میں آئی سی سی آئی کے کردار کی تعریف کی جبکہ صدر مرکز تنظیم تاجران کاشف چوہدری نے اسلام آباد میں متوازن رینٹ کنٹرول ایکٹ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا جس سے تاجروں میں عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے۔تقریب کاروباری برادری کے لئے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مضبوط کاروباری اتحاد کو فروغ دینے، پالیسی اصلاحات کی وکالت کرنے اور اسلام آباد کے تجارتی ماحول کو بہتر بنانے کے اجتماعی عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔