مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ، ملک بھر میں رم جھم رم جھم بارشوں کا سلسلہ جاری

منگل 25 فروری 2025 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2025ء) مغربی ہواوں کا سلسلہ داخل ہوتے ساتھ ہی ملک بھر میں رم جھم رم جھم بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ جس سے موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے ۔ وفاقی دارلحکومت سمیت جڑواں شہروں میں ہلکی ہلکی بوندا با ندی نے جاتی سردی کے لطف کو دوبالا کردیا ہے ۔ طویل خشک سالی کے بعد ہو نے والی بارش نے جہاں کھلے آسمان تلے موجود ہر شے کو نکھار دیا و ئیں شہریوں کے موڈ بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، جہانیاں اور وہاڑی میں ہلکی بارش ہوئی، لاہورکے علاقے جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں رات گئے بوندا باندی ہوئی۔ قصور، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، کندیاں چشمہ اور نواح میں بارش ہوئی، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی بھی پیشگوئی کر دی گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی نویدسنا دی گئی،پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کے بعد آ ئندہ پانچ روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے ۔