دنیا میں 60 فیصد کے قریب علاقائی تجارت ہو رہی ہے،پاکستان کو بھی علاقائی تجارت پر توجہ دینا ہوگی، پٹیا

بدھ 26 فروری 2025 12:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) دنیا میں اس وقت60 فیصدکے قریب علاقائی تجارت ہو رہی ہے لہٰذاپاکستان کو بھی برآمدات کے فروغ کیلئے علاقائی تجارت پر توجہ دینا ہوگی جبکہ اس ضمن میں روس، ازبکستان، ترکمانستان، ایران،تھائی لینڈ، چائینہ وغیرہ میں برآمدی مصنوعات کیلئے موجود بہت زیادہ پوٹینشل سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان کو بھی چائنہ، بھارت، ایران سمیت علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں برآمدکنندگان نے ہمیشہ تجارت کیلئے یورپ اور امریکی منڈیوں کی طرف دیکھا ہے اور محض انہی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے پر توجہ دی ہے مگر موجودہ حالات میں نہ صرف امریکہ بلکہ یورپ بھی کسادبازاری کا شکار ہو چکے ہیں اسلئے ان ممالک میں بے روزگاری اور نقل مکانی کی وجہ سے وہاں کے حالات کاروبار کیلئے پہلے کی نسبت ناساز گار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں ساٹھ فیصد کے قریب علاقائی تجارت پاکستان کیلئے باعث تقلید ہے اور ہمیں بھی اپنے ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ تجارتی سفارتکاری پر توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے خطے کے دیگر ممالک روس، ازبکستان، ترکمانستان، ایران وغیرہ میں برآمدی مصنوعات کیلئے بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے جس سے ہمیں استفادہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے ہمیں بھی دیگر ممالک کی طرح تجارتی ڈپلومیسی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی کیونکہ اصل میں تجارت کے ذریعے ہی تعلقات کی بہتری اورزرمبادلہ کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔