قائمہ کمیٹی کا پی آئی اے کے سی ای او کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار ، آئندہ اجلاس میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایات دیدیں

بدھ 26 فروری 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) قواعد و ضوابط اور استحقاق سے متعلق قائمہ کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ ایسی روش ناقابلِ قبول ہے اور مستقبل میں اس کا اعادہ نہیں ہونا چاہیے۔قواعد و ضوابط اور استحقاق سے متعلق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا ساتواں اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس، اسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی محمد افضل کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے آغاز میں سابق ایم این اے اور کمیٹی کے رکن نواب محمد یوسف تالپور (مرحوم) کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ایم این اے عبدالقادر پٹیل کی جانب سے پی آئی اے کے حکام کے خلاف جمع کرائی گئی استحقاق تحریک پر غور کرتے ہوئے، کمیٹی نے پی آئی اے کے سی ای او کی عدم موجودگی پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ایسی غفلت آئندہ برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے پی آئی اے کے سی ای او کو آئندہ اجلاس میں ذاتی حیثیت میں شرکت کرنے کی ہدایت دی۔ایم این اے صبین غوری کی جانب سے پیش کردہ استحقاق کے سوال پر غور کرتے ہوئے، کمیٹی نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ان تمام افسران کو کمیٹی کے روبرو پیش کرے جو معزز رکن قومی اسمبلی سے بدسلوکی میں ملوث تھے۔کمیٹی نے ایم این اے عالیہ کامران کی جانب سے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2007 کے قاعدہ 208 کی شق (2) میں ترمیم کی تجویز کا جائزہ لیا۔

تفصیلی بحث کے بعد، کمیٹی نے تجویز کردہ ترمیم پر وزارت قانون و انصاف سے رائے لینے کا فیصلہ کیا۔ایم این اے فتح اللہ خان کی جانب سے پیش کردہ استحقاق کے سوال پر ان کی عدم موجودگی کے باعث غور ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ، سید عمران احمد شاہ، رانا محمد قاسم نون، سردار محمد یعقوب خان ناصر، میر خان محمد جمالی، پیر سید فضل علی شاہ جیلانی، ذوالفقار بچانی، میر غلام علی تالپور، شگفتہ جمانی، علی خان جدون، عنیقہ مہدی، غلام محمد، وسیم قادر (آن لائن)، اور خواجہ اظہار الحسن (آن لائن)۔

ا ستحقاق تحریک کے پیش کنندگان عبدالقادر پٹیل، عالیہ کامران اور صبین غوری، ایم این ایز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون و انصاف، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، لیسکو، اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔