Live Updates
کاروبار صنعت و تجارت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پرامن و سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے ،فضل مقیم خان
جمعہ 28 فروری 2025
22:45
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2025ء)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان نے کہا ہے کہ کاروبار صنعت و تجارت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پرامن و سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے ۔ حکومت اور محکمہ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے کاروباری طبقہ کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔
شہر بھر میں جرائم ،ْ راہزنی کے بڑھتے ہوئے واقعات سمیت بھتہ کی کالوں نے تاجربرادری میں عدم تحفظ کی فضاء پیدا کی ہے جس کے تدارک کے لئے قانون نافذ کرنیوالے ادارے فوری اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشن پشاور مسعود بنگش کی سرحد چیمبر کے دورہ کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
(جاری ہے)
اجلاس میں سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ،ْ نائب صدرشہریار خان ،ْسرحد چیمبر کی لاء اینڈ آرڈر سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین شوکت علی خان ،ْ سابق صدورحاجی محمد افضل ،ْ ذوالفقار علی خان ،ْ سابق سینئر نائب صدور شاہد حسین ،ْ عمران خان مہمند ،ْ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سیف اللہ خان ،ْ محمد اشفاق ،ْ ندیم رئوف ،ْ مجیب الرحمان ،ْ حاجی عبدالنصیر ،ْ عباس فواد عظیم ،ْ گل زمان اور بخت میر جان درانی ،ْ احسان اللہ ،ْ اشفاق احمد ،ْ شاہد خان آفریدی ،ْ حمود الرحمان ،ْ حسنین شیراز ،ْ اشتیاق احمد پراچہ ،ْ سید اعجاز علی شاہ ،ْ سیکرٹری جنرل سرحد چیمبر مقتصد احسن سمیت تاجر و صنعت کار بھی موجود تھے ۔
سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے اجلاس کے دوران تاجر برادری کی جانب سے بڑھتے ہوئے جرائم ،ْ راہزنی کے واقعات ،ْ بھتہ خوروں کی جانب سے کالز ،ْ شہر بھر کے بے ہنگم ٹریفک ،ْ تجاوزات کی آڑ میں بے جا تنگ ،ْ ہراساں کرنے سمیت سیف سٹی پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیر اور دیگر مسائل کے بارے میں تحفظات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حکومت اور محکمہ پولیس مجوزہ سیف سٹی پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے فوری اقدامات کرے تاکہ شہر بھر میں عدم تحفظ کی بڑھتی ہوئی فضاء کو ختم کرکے کاروبار و صنعت اور و تجارت کو فروغ دیاجاسکے ۔
اس موقع پر سرحد چیمبر کی لاء اینڈ آرڈر سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین شوکت علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار و تجارت کے فروغ کے لئے پرامن و سازگار ماحول کا قیام بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ پولیس میں اصلاحات سمیت تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات پر زور دیاہے۔ سرحد چیمبر کے سابق صدر حاجی محمد افضل نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں تاجر برادری کو بے جا تنگ و ہراساں نہ کیا جائے ۔
انہوں نے اندرون شہر تھانوں کے نظام میں بہتری ،ْ سینئر و قابل افسران کی تعیناتی سمیت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ سابق صدرذوالفقار علی ان نے انڈسٹریلسٹ اسٹیٹ حیات آباد پشاور کی جانب سے سیف سٹی پراجیکٹ میں مالی معاونت کی پیش کش کی۔انہوں نے کہاکہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک مخصوص پولیس اسٹیشن کے قیام کے لئے منظوری دی گئی ہے اس پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے ۔
بعد ازاں اجلاس کے شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سی سی پی او قاسم علی خان نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کاایک ابتدائی ڈھانچہ بنایاگیا تاہم انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے مالی معاونت کے حوالے سے کہا کہ کاروباری طبقہ اور محکمہ پولیس کے درمیان سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے الگ الگ پائلٹ پراجیکٹ پر کام کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے تھانوں کے نظام کے حوالے سے کہا کہ شہر بھر میں 7سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں اوہر شہر بھر میں ہر تھانے کو سہولت مرکز بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے بزنس کمیونٹی / تاجروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کے مسائل و تحفظات کو ہر سطح پر دور کیا جائے گا۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات