پی اے سی تھری کاپی ٹی دور میں سامنے آنے والی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اہم فیصلہ

عثمان بزدار دور کے 2018-19کے 18 کیسز تحقیقات کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن کو بھجوا دئیے گئے

اتوار 2 مارچ 2025 17:30

پی اے سی تھری کاپی ٹی دور میں سامنے آنے والی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2025ء)پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی تھری نے تحریک انصاف کے دور میں سامنے آنے والی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 18 کیسز تحقیقات کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن کو بھجوا دئیے گئے ۔ذرائع کے مطابق مالی بے ضابطگیوں کے مذکورہ 18کیسز 2018-19کے ہیں جنہیں تحقیقات کے لئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوایاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈی جی خان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔پبلک اکائونٹس کمیٹی تھری نے تحریک انصاف کے دور میں مالی بے ضابطگیوں کی شفاف انداز میں تحقیقات کے لئے وزیر اعلی معائنہ ٹیم سے بھی مدد حاصل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے محکمہ صحت سمیت دیگر محکموں سے ضروری ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیاہے اورریکارڈ فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔ مزید بتایا گیاہے کہ پبلک اکا ئونٹس کمیٹی تھری نے اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی ریکوری بھی کرلی ہے۔