پاکستان اور ازبکستان دونوں اطراف کے درمیان ٹرانزٹ اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے ذریعے آنے والے سالوں میں ایک بلین ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں،ازبک سفیر

اتوار 2 مارچ 2025 20:50

پاکستان اور ازبکستان دونوں اطراف کے درمیان ٹرانزٹ اور دو طرفہ تجارت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2025ء) پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان دونوں اطراف کے درمیان ٹرانزٹ اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے ذریعے آنے والے سالوں میں ایک بلین ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں،اس وقت دونوں ممالک مشترکہ اقدامات پر سرگرم عمل ہیں جن کا مقصد باہمی تجارت کے حجم کو مزید بڑھانے، آنے والے سالوں میں ایک بلین ڈالر کے سنگ میل تک پہنچنے اور صنعتی تعاون کو تیز کرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے ازبک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خوراک، ٹیکسٹائل اور برقی مصنوعات کی برآمدات اور درآمدی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لیے مخصوص اقدامات کر رہے ہیں۔خاص طور پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے اور تجارت کو فروغ دینے کے لیےہم ترجیحی تجارتی معاہدے کے فریم ورک کے اندر مصنوعات کی فہرست کو بڑھانے اور انٹربینک ادائیگیوں کو بہتر بنانے پر بات چیت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کسٹم ادائیگی کی شرح کو کم کرنے اور باہمی تجارتی تعلقات کو تیز کرنے کا کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتار اور آسان کارگو ٹرانسپورٹ روٹس کو متنوع بنانے اور کسٹم کے عمل کو بہتر بنانے کے معاملات بڑی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کمپنیوں کے تعاون سے تیار کیے جا رہے ہیں۔ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں فریقوں نے تجارتی اور اقتصادی، بینکنگ اور مالیات، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں متعدد مشترکہ تقریبات اور منصوبوں کے نفاذ کو ورک پلان میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ممالک کے درمیان تجارتی حجم مسلسل بڑھ رہا ہے اور 2024 کے آخر تک حجم404 ملین ہوگیا۔علی شیر تختائیف نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کو زرعی برآمدات کے حجم کو بڑھانےخاص طور پر پھلوں اور سبزیوں، اناج اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی فراہمی میں دلچسپی رکھتا ہے،اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، تعمیراتی مواداور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں صلاحیت بھی ازبک مارکیٹ کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بڑے مشترکہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہماری طاقت کو یکجا کرنے سے عالمی منڈی میں مسابقتی مصنوعات بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے، پروڈکٹ پروسیسنگ کے مشترکہ منصوبوں کے ساتھ ساتھ پھلوں، سبزیوں اور اناج کی برآمدات کے حجم میں اضافے کے وسیع امکانات ہیں اور دونوں فریق فوڈ سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور نئی منڈیوں تک پہنچنے کے لیے تعاون کر سکتے ہیں۔

ازبکستان اور پاکستان بھی آئی ٹی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ممالک آئی ٹی مراکز بنانے، مشترکہ تعلیمی پروگراموں اور ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ آؤٹ سورسنگ خدمات پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔اس قسم کا تعاون ہماری معیشتوں کے لیے عظیم امکانات کھولتا ہے۔تجارتی اور اقتصادی شعبے میں نئے امید افزا منصوبوں کی منصوبہ بندی کے بارے میں جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی بندرگاہ کے ذریعے ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا، دونوں ممالک کے علاقوں میں لاجسٹک مراکز کی تعمیر، تجارتی مراکز کھولنا اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانا اقتصادی سفارت کاری کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کے ترجیحی شعبے ہیں۔ازبک ایلچی نے کہا کہ اس کے علاوہ دونوں فریق مستقبل میں تاشقند اور لاہور میں منعقد ہونے والی "میڈ ان پاکستان" اور "میڈ ان ازبکستان" قومی صنعتی نمائشوں کے تجربے کو جاری رکھنے اور نمائش کی جانے والی مصنوعات کی تعداد میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ہم دونوں ممالک کے کاروباری افراد کی شرکت کے ساتھ کاروباری فورمز کو منظم کرکے نئے سرمایہ کاری کے منصوبے اور معاہدےکئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کی متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ مل کر ٹرانزٹ ٹریڈ اور ترجیحی تجارت کے معاہدوں کی شقوں کو مکمل طور پر نافذ کرنے، ترجیحی مصنوعات کی تعداد کو بڑھا کر باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے اور اشیا اور خدمات کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کی ترقی میں ازبکستان اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعلقات اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کے موجودہ میکانزم باہمی اقتصادی تعلقات کی ترقی اور مضبوطی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری باہمی کاروباری رابطوں کو آسان بنانے اور مشترکہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں اہم ثالث ثابت ہو سکتے ہیں۔ ازبک سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک اسٹریٹجک لحاظ سے اہم انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کے ذریعے تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں خاص طور پر ٹرانس افغان کوریڈور کے فریم ورک کے اندر علاقائی رابطوں کے اقدامات کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ راہداری ازبکستان اور پاکستان کے درمیان قابل اعتماد ٹرانسپورٹ روابط فراہم کرے گی اور وسطی اور جنوبی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی کو آسان بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور ریلوے، لاجسٹک مراکز اور کارگو ٹرمینلز میں مشترکہ سرمایہ کاری سے تجارت کو فروغ دینے اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

علی شیر تختائیف نے کہا کہ توانائی کا شعبہ بھی امید افزا شعبوں میں سے ایک ہےہم قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے کے منصوبوں پر تعاون کر سکتے ہیں جن میں شمسی اور ہوا سے بجلی کے پلانٹس، پن بجلی اور گیس کے بنیادی ڈھانچے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ اقدامات توانائی کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور توانائی کے پائیدار ذرائع کی طرف منتقلی کو تیز کریں گے۔