تیزی سے ترقی کرنے والی دس بڑی کمپنیوں میں سے چھ کا تعلق افریقا سے ہے،ہمیں آئندہ حکمت عملی اس حوالے سے وضع کرنا ہو گی، ڈی جی احمد سروہی

پیر 3 مارچ 2025 16:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2025ء) افریقا کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے اس لئے ہمیں اس کے برآمدی پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کےلئے جامع، منظم اور نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کرنا ہو گی۔ یہ بات محکمہ خارجہ کے افریقا ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد علی سروہی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی دس بڑی کمپنیوں میں سے چھ کا تعلق افریقا سے ہے اس لئے ہمیں آئندہ حکمت عملی اس حوالے سے وضع کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقی ممالک صحت پر کثیر رقم خرچ کرتے ہیں ہمیں ایسے اقدامات اٹھانے ہوں گے کہ ہم انہیں یہی سہولتیں یورپ سے کم نرخوں پر مہیا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افریقا ابھرتی ہوئی معیشت ہے، اس سے قبل بھی پاکستان نے اس مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کےلئے ”لک افریقا“ پالیسی اختیار کی تھی مگر کورونا کی وجہ سے اس سے مطلوبہ مقاصد حاصل نہ کئے جا سکے۔

انہوں نے فیصل آباد کے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ افریقا کی ٹیکسٹائل کی ضروریات پوری کرنے کےلئے آگے بڑھیں ، وہاں سے وافر مقدار میں خام مال بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔قبل ازیں ڈاکٹر احمد علی سروہی اور دیگر مہمانان گرامی کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے شہر اور چیمبر کا تعارف پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس شہر اور چیمبر کے 11ہزار سے زائد ممبران ٹیکس کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے قبل وزارت خارجہ نے غیر روایتی مارکیٹوں تک رسائی کے حوالے سے ”لک افریقا“ پالیسی شروع کی تھی جس کی وجہ سے افریقا کو پاکستانی برآمدات 4.18ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ہمیں اس مارکیٹ کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کےلئے افریقا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں ، ہائی کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو متحرک اور فعال بنانا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افریقی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے کےلئے سنگل کنٹری نمائشوں کا بھی اہتمام کرنا چاہیے ، اس سلسلے میں فیصل آباد کے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر محمد توصیف زمان، چوہدری جاوید صابر، ایئر کموڈور جاوید حیدر خان اور کاشف محمود ملک بھی موجود تھے۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈائریکٹر جنرل کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔