مارچ میں جنوری جیسا موسم

مسلسل و موسلادھار بارشیں اور برفباری سے سردی کی وایسی، مزید بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی کر دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 3 مارچ 2025 20:52

مارچ میں جنوری جیسا موسم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2025ء) مارچ میں جنوری جیسا موسم، مسلسل و موسلادھار بارشیں اور برفباری سے سردی کی وایسی، مزید بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی شہروں میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہنے تاہم پہاڑوں پر ہلکی برفباری اور بارش کی پیشنگوئی کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی ، اسلام آباد ، لاہور ، میانوالی ، شیخوپورہ سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہوئی۔ شانگلہ ٹاپ، الپوری، پیر خانہ ،امنوی ، داموڑئی ٹاپ میں بروادی نیلم کے زیریں علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

جس سے سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔

برفباری اور بارش کے باعث نیلم سمیت بالا ئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں ، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 14، کالام منفی 3، پارا چنار اور سکردو میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مری میں بھی بارش اور برف باری ہوئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں 3 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

جدید مشنری کی مدد سے شاہراہوں پر موجود برف کو ہٹایا جا رہا ہے۔ ڈی جی پی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ مری کی اہم اور مصروف شاہراہوں پر مشینری اور سٹاف موجود ہے۔ جبکہ مری کہ تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں ۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے ہدایت کرتے ہوے کہا ہے کہ انتظامیہ الرٹ ر ہے ، کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔

مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز بھی قائم ہیں۔ شہری موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفرپر نکلیں۔ انہوں نے شہریوں کو حتیاط کر نے اور غیر ضروری سفر سے گریز کر نے کیا ہدائت کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں بنیادی طور پر خشک موسم متوقع ہے۔ تاہم، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مقامی طور پر جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ بارش، ہوا، آندھی، طوفانی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور پوٹھوہار ریجن میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔بدھ 5 مارچ کو بھی ملک کے بیشتر حصوں میں بنیادی طور پر خشک موسم متوقع ہے۔ تاہم، بلند علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔