حکومت آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنے میں ناکام

ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکامی، ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلئے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 3 مارچ 2025 23:37

حکومت آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنے میں ناکام
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2025ء) حکومت آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنے میں ناکام، ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکامی، ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلئے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کی بڑی شرائط پوری کرنے میں ناکام رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نہ ٹیکس وصولی کا مجموعی ہدف حاصل کر سکی، نہ ہی زرعی ٹیکس کا ہدف حاصل کیا جا سکا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں ایف بی آر 6 ہزار 8 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے بعد حکومت نے آئی ایم ایف سے ٹیکس ہدف پر نرمی کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی میں بھی تاخیر پر آئی ایم ایف سے رعایت کی کوشش کی جائے گی، پٹرولیم لیوی 70 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز زیر غور ہے، اس اقدام سے آئی ایم ایف کو راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بجلی اور گیس سبسڈی میں بھی مزید کمی کا خواہاں ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے پاکستان آنے والے جائزہ مشن کو حکومت کی جانب سے شرائط پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی۔ آئی ایم ایف کو پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکسز سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی شرط پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی رپوٹ کا تفصیلی جائزہ لیے جانے کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو قرض کی اگلی قسط جاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔