بدلتی آب وہوامکئی اور کپاس کی فصل کو حملہ آور کیڑوں کی نشونما کے لئے معاونت کرتی ہے، چیئرمین انٹومالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

منگل 4 مارچ 2025 12:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2025ء) چیئرمین انٹومالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بدلتی آب وہوامکئی کی فصل کو فال آرمی ورم جیسے حملہ آور کیڑوں اور کپاس کی فصل کو سفید مکھی کی نشوونما کے لئے معاونت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ انٹومالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان انٹومالوجیکل سوسائٹی کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکیا ۔

سیمینار کا انعقاد جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خان کی ہدایت پر کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ بدلتی ہوئی آب و ہوا میں زیادہ درجہ حرارت اور بے موسمی بارشیں مکئی کی فصل کو فال آرمی ورم جیسے حملہ آور کیڑوں اور کپاس کی فصل کو سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے انواع کی نشوونما کے لیے معاونت کرتی ہیں جس سے ان دونوں فصلوں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑھتی ہوئی سطح کیڑوں کی مزاحمت کو بڑھاتی ہے اور فصل کی مزاحمت کو کم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اگلی دو دہائیوں میں مکئی اور کپاس میں کیڑوں سے متعلق پیداوار کے نقصانات میں 10سے25 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی سمارٹ پیسٹ مینجمنٹ کو اپنا ناناگزیر ہے تاکہ ان چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔اس موقع پر ڈی جی پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ڈاکٹر عامر رسول، ڈائریکٹر ایگری ایکسٹینشن لاہور ڈاکٹر اقبال خان نیازی اور چیئرمین انووا گروپ ملک شمشیر حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔