محکمہ تعلیم ضلع نصیرآباد نے تعلیمی سال 2025 کے آغاز پر اسکول داخلہ مہم کا اعلان کردیا

منگل 4 مارچ 2025 18:01

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2025ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نصیرآباد عبدالحمید ابڑو کی زیرنگرانی میں داخلہ مہم کے حوالے سے تقریب منعقد کیا گیا اور اس موقع پر عبدالحمید ابڑو نے کہا کہ محکمہ تعلیم ضلع نصیرآباد نے تعلیمی سال 2025 کے آغاز پر اسکول داخلہ مہم کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت یکم مارچ سے بچوں کے داخلے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اس مہم کے تحت 7357 بچوں اور بچیوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاکہ کوئی بھی 5 سال سے زائد عمر کا بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے اسکول داخلہ مہم کے اس پروگرام کےموقع پر یونیسیف کے ڈسٹرکٹ مینیجر بشیر احمد لہڑی, ڈی ای او نصیرآباد نظر محمد سومرو , ڈی ڈی او ڈیرہ مراد جمالی مقبول احمد عمرانی ،ڈی ڈی او ای تمبو ارشاد علی ڈومکی, اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈیرہ مراد جمالی محمد اسلم ابڑو , ڈی ڈی او ای چھتر عبدالواحد سومرو , ڈی ڈی ای او بابا کوٹ نثار احمد سومرو ,ڈی ڈی او ای لانڈھی جمال الدین بگٹی , ڈی ڈی او ای فیمیل میڈم خانزادی بلوچ , ڈی ڈی او ای تمبو ثمینہ نازش ,سی پی ڈی مینجر میڈم منزہ عمر, نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید خان درانی اور سیکرٹری ایجوکیشن بلوچستان جناب صالح محمد ناصر کی ہدایت پر یہ مہم شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد ضلع بھر میں تعلیمی شرح کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت نصیرآباد میں 630 سرکاری اسکولوں میں 33,000 طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ 80 نجی اسکولوں میں 17,000 بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ داخلہ مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ نئے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کے لیے والدین اور کمیونٹی کے تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ تعلیم نصیرآباد نے ایک جامع پلان تیار کیا ہے، جس میں درج ذیل اقدامات شامل ہیں۔

داخلہ واک: ضلعی ہیڈکوارٹر اور تحصیل سطح پر عوامی آگاہی کے لیے واک کا انعقاد کیا جائے گا۔ والدین اور کمیونٹی کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف سیمینار منعقد کیے جائیں گے دیہی علاقوں میں لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے داخلہ مہم کی تشہیر کی جائے گی۔ بینرز اور پینا فلیکس، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر تشہیری مواد آویزاں کیا جائے گا کمیونٹی میٹنگز والدین اور مقامی عمائدین کے ساتھ ملاقاتیں کرکے انہیں بچوں کو اسکول بھیجنے کی ترغیب دی جائے گی انھوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نصیرآباد, ضلع نصیرآباد سے ناخواندگی کے خاتمے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہا ہے اس مہم کا مقصد نہ صرف زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانا ہے بلکہ عوام میں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا بھی ہے نصیرآباد میں تعلیمی ترقی کے اس سفر میں والدین، اساتذہ، کمیونٹی اور میڈیا سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے جبکہ اس موقع پر اعجاز علی ساسولی ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سید محمود شاہ، سپریٹنڈنٹ ڈی ای او آفس بابو عالم کنڈرانی ،سینیر کلرک ڈی ای او آفس ماما رسول بخش، بابو کوڑا خان ہانبھی بھی موجود تھے۔

\378