میٹرک کے سالانہ امتحانات میں بوٹی مافیا کے خاتمہ کیلئے سخت اقدامات،بوڑد ملازمین کی ڈیوٹیاں بھی لگادی گئیں

بدھ 5 مارچ 2025 12:51

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے سیکرٹری ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ بورڈ کے زیر اہتمام 4 مارچ سے میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے جس میں بوٹی مافیا کی سرکوبی کیلئے سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں جس کے باعث امتحانی مراکز میں کسی غیرمتعلقہ شخص کا داخلہ منع ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کیلئے بنائے گئے امتحانی مراکز میں محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والا حاضر سروس ایماندار، فرض شناس و اچھی شہرت کا حامل امتحانی عملہ متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ ہر بچے پر یکساں نظر رکھے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ ملازمین کو مختلف امتحانی سنٹرز میں تعینات کرنے کی سابقہ پریکٹس کو امسال بھی جاری رکھا گیاہے کیونکہ اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امتحان کے شفاف و شاندار انعقاد کے سلسلہ میں جن بورڈ افسران و ملازمین کو جو بھی ڈیوٹی تفویض کی گئی ہے انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنا دماغ حاضر اور آنکھیں کھلی رکھ کر اسے بخوبی سرانجام دیں کیونکہ اس سلسلہ میں ذرا سی بھی غفلت، کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ طلبہ کے مستقبل کا معاملہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2025کے شفاف انعقاد کیلئے سنٹرز کی 100گز کی حدود میں دفعہ 144بھی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کوئی غیرمتعلقہ شخص سنٹرز کے اندر داخل نہ ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ امتحان میں کل 174972 طلبہ شریک ہوں گے جن کیلئے جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ اور فیصل آبادکے اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ان کے گھروں وتعلیمی اداروں کے قریب 539 امتحانی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو پیپرز دینے کے سلسلہ میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے بتایا کہ طلبہ کے بہترین اور وسیع تر مفاد کے پیش نظر کسی ریگولر تعلیمی ادارے کے طلبہ کو ایک امتحانی مرکز میں نہیں رکھا گیا بلکہ ان اداروں کے زون بنا کر اس کے اندر آنے والے سکولوں کے بچوں کو کمپیوٹر کے ذریعے ری شفل کرکے بٹھایا گیا ہے تاکہ نقل کرنیکی حوصلہ شکنی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن بورڈ سمیت ہر تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پل پل کی موصولہ رپورٹس جمع کرکے ایک جامع رپورٹ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران کو پہنچائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :