سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اسپرنگ 2025 کے نئے بیچ کے لیے تعارفی نشست کا انعقاد

قابلیت اورصلاحیتوں کو پروان چڑھانے، اور طلبا کو مستقبل میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے سرسید یونیورسٹی ایک بہترین انتخاب ہے،چانسلر محمد اکبر علی خان

بدھ 5 مارچ 2025 13:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ مرکز تعلیم و تربیت کے زیر اہتمام اسپرنگ 2025 (Spring 2025)کے نئے بیچ کے طلبا و طالبات کی رہنمائی کے لیے تعارفی و تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں باقاعدہ کلاسز کے آغاز سے قبل مختلف شعبوں میں داخلہ لینے والے طلبا کو ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔

سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے اسپرنگ 2025 کے نئے بیچ کے طلبا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے جو چیلنجوں،بہترین مواقعوں اور تجربات سے بھرا ہوا ہے۔۔یہ نہ صرف آپ کی تعلیم بلکہ آپ کے مستقبل کی بھی تشکیل کرے گا۔چانسلر اکبر علی خان نے کہا کہ آپ نے اس منزل تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کی ہے، اور یہ آپ کی لگن، جستجو اور سیکھنے کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

اب آپ ایک بہترین جامعہ کا حصہ بن چکے ہیں جو آپ کی قابلیت اورصلاحیتوں کو پروان چڑھانے، اور آپ کو مستقبل میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے ایک بہترین انتخاب ہے۔طلبا سے خطاب کرتے ہوئے، سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر، جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ یہ سفر صرف علم حاصل کرنے کا نہیں ہے بلکہ آپ کی شخصیت کی تعمیر کا بھی ہے۔

۔یاد رکھیں سفر کی اہمیت بھی اتنی ہی ہے جتنی منزل کی۔ اپنے تعلیمی مشاغل اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔ آپ کی صحت اور تندرستی ہی آپ کی کامیابی کی بنیاد ہے۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے ایک جامع پریزنٹیشن دی اور یونیورسٹی کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :