پاکستان سے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو دہشتگردی کے ملزم کی گرفتاری کو اولین ترجیح دینا ہوگی

یہ سب صدر ٹرمپ کے باعث ہے کہ نہ صرف ہمارے اتحادی بلکہ وہ ممالک جو مسائل پیدا کرتے رہے ہیں وہ بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، سی آئی اے سربراہ

جمعرات 6 مارچ 2025 23:35

پاکستان سے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو دہشتگردی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2025ء)امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ 2021ء میں کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو پکڑنے کیلئے پاکستان سے کہا تھا کہ اگر امریکا اور ٹرمپ سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو ایبی گیٹ دہشتگردی کے ملزم کی گرفتاری کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں ڈائریکٹر سی آئی اے جان ریٹکلف نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے دوسرے روز ہی پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تھااور پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ سے بات کی جس میں میں نے ان کیساتھ وہ خفیہ معلومات شیئر کیں جو ہمارے پاس موجود تھیں، جو یہ ظاہر کرتی تھیں کہ شریف اللہ عرف جعفر افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں چھپا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ امریکہ اور صدر ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو آپ کو اس معاملے کو اولین ترجیح پر رکھتے ہوئے کام کرنا ہو گا۔ لہٰذا ہم نے پاکستانی انٹلیجنس کے ساتھ مل کر کام کیا اور شریف اللہ عرف جعفر کو جلد ہی پکڑ لیا گیا اور اب اس کو امریکہ میں عدالتوں کا سامنا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ سب صدر ٹرمپ کے باعث ہے کہ نہ صرف ہمارے اتحادی بلکہ وہ ممالک جو مسائل پیدا کرتے رہے ہیں وہ بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔