رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں گیس فراہمی کے حکومتی وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے

جمعرات 6 مارچ 2025 19:50

رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں گیس فراہمی کے حکومتی ..
سمبڑیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2025ء) رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں گیس فراہمی کے حکومتی وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے، سمبڑیال میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ صبح 3 بجے سے 9 بجے تک اور شام 3 بجے سے رات 10 بجے تک گیس دستیاب ہوگی، لیکن سمبڑیال میں اس شیڈول پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر سحری کے وقت گیس کی بندش نے گھروں میں کھانے کی تیاری کو ناممکن بنا دیا ہے، جس سے روزہ دار سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ اسکول جانے والے بچے ناشتے کے بغیر جانے پر مجبور ہیں، جبکہ گھریلو خواتین کو بھی امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں سہولت فراہم کرنے کے بجائے حکومت نے مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ دوسری جانب، محکمہ کی جانب سے من مانے اور بھاری بھرکم بلوں نے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عوام نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :