حنا پرویز بٹ کا 16سالہ مقتولہ سدرہ کے گھر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت، مکمل انصاف کی یقین دہانی

جمعہ 9 مئی 2025 16:31

حنا پرویز بٹ کا 16سالہ مقتولہ سدرہ کے گھر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن اور رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے لاہور کی گجر کالونی میں 16 سالہ مقتولہ سدرہ کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور اس دلخراش واقعے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے اہل خانہ کو مکمل قانونی معاونت اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے فوری انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔

ایف آئی آر نمبر 2792/25تھانہ کوٹ لکھپت میں درج کی گئی، جس کے مطابق سدرہ کو اس کے والد بشیر احمد نے اپنے بھائیوں محمد عمران اور جبار کے ساتھ مل کر گلا گھونٹ کر قتل کیا اور لاش کو چھپا کر اوڈھ محلہ قبرستان میں خفیہ طور پر دفنا دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف دفعات 302، 201اور 34تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ واقعہ انسانیت سوز اور انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم ایسے سفاک جرائم پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ خواتین اور بچیوں پر کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل برداشت ہے۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی مظلوم خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی، نفسیاتی اور فلاحی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اس صدمے سے باہر آ سکیں اور انہیں بروقت انصاف مل سکے۔