Live Updates

بھارت کے ان عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا،ملک کادفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ڈاکٹرطارق فضل چوہدری

جمعہ 9 مئی 2025 17:33

بھارت کے ان عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا،ملک کادفاع مضبوط ہاتھوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت کے ذریعہ خطہ میں بالادستی چاہتا ہے مگر بھارت کے ان عزائم کو کا میاب نہیں ہونے دیا جائیگا،ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان کے میڈیا نے بہترین کردار ادا کرکے بھارتی پراپیگنڈہ کا بھرپورجواب دیاہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بھارت کی جاری جارحیت پربحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت نے بہیمانہ اوربزدلانہ حملہ کیاہے جس کا اسے بھرپورجواب دیا ہے، قومی اتفاق اوراتحادقابل ستائش ہے، دونوں ایوانوں میں پاکستان اورملک کی سلامتی اورتحفظ کی بات کی گئی ہے، یہ پیغام پوری دنیا کو گیاہے کہ پاکستان اورپوری قوم متحدہے اورقوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پہلے حملے میں تین رافیل طیاروں سمیت5طیارے تباہ ہوئے ہیں، رافیل طیارے پہلی بارکسی جنگ میں تباہ ہوئے ہیں، یہ ایسے طیارے تھے جو مہنگے تھے، جے ایف 17جب آسمانوں میں گرجے توتین رافیل طیاروں کو تباہ کردیا، اس پرمسلح افواج اورپاک فضائیہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کے حملے میں 30جاسوس طیارے بھیجے گئے جن کو حکمت عملی کے تحت گرایاگیا، ان طیاروں کو جس مقصد کیلئے بھیجا گیاتھا وہ پورانہیں ہوسکا ،دو حملوں میں بھارت کو ناکا می ہوئی ہے، بھارت ان حملوں کے ذریعہ خطہ میں بالادستی چاہتاہے مگربھارت کے ان عزائم کو کا میاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میڈیا نے بہترین کرداراداکرکے بھارتی پراپیگنڈہ کا بھرپورجواب دیاہے، آئی ایس پی آر نے لمحہ بہ لمحہ قوم کو صورتحال سے آگاہ کیاکہ ہمارے حوصلے بلندہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ درست کو درست اورغلط کو غلط کہے۔پاکستان نے ذمہ دارریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم انڈیا کے ٹریپ میں نہیں آئیں گے، ہم اپنی شرائط پریہ جنگ کریں گے۔

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہماری مسلح افواج پیشہ وارانہ فوج ہے اورپوری قوم کو افواج پراعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیردفاع نے کہاتھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے 90ہزار سے زائد جانوں کی قربانی کے علاوہ معاشی نقصان بھی برداشت کیاہے۔پاکستان دہشت گردی کا شکا رملک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہتھیاروں میں عددی برتری ضرورحاصل ہے مگرایمانی جذبہ ہمارے پاس ہیں، ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو بیٹے کی شہادت پرکہتی ہیں کہ میرے دوسرے بیٹے بھی اس ملک کی حاضرہیں۔ ہمارے پاس ایسے باپ ہوتے ہیں جوشہیدبیٹے کی وردی فخرسے وصول کرتے ہیں،جب تک یہ جذبہ ہے اس ملک کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات