پی ٹی آئی میں کیچڑ اچھالنے والوں کو تھپکی ملتی ہے،قمر زمان کائرہ

جمعرات 6 مارچ 2025 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماقمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ تحریک انصاف میں تصادم کی پالیسی ہے، بانی پی ٹی آئی کو سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان کے تعاون پرشکریہ ادا کیا، پاکستان آج تعاون کا خمیازہ بھگت رہا ہے، شکریہ ادا کرنے پرشادیانے نہیں بجانا چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمارے مفاد کیلئے بھی امریکا ہے اوراسے ہم دشمن بھی بڑا سمجھتے ہیں، عوام اور ہمارا مذہبی طبقہ خاص طور پر امریکی مزاج کے خلاف ہے، کیوں کہ امریکا سے ہم نے دوستی کی خود شروعات کی اور اس کی ہمیں خاصی قیمت بھی ادا کرنا پڑی۔ انہوںنے کہاکہ چائنا ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر ہے لیکن یورپ اورامریکا ہمارے بڑے بزنس پارٹنرز ہیں۔سینئر رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی بقاء کیلئے ہے، پی ٹی آئی میں تصادم کی پالیسی ہے، سب اتفاق نہیں کرتے، پی ٹی آئی میں کچھ لوگ صرف اقتدارچاہتے ہیں، پی ٹی آئی میں کیچڑ اچھالنے والوں کو تھپکی ملتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو سبق سیکھنے کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی میں لیڈرشپ کے کان بھرنے کی روایت ہے۔