پی ایچ اے کے زیر اہتمام ڈی جی پی ایچ اے رمضان کرکٹ کپ 2025شروع

جمعہ 7 مارچ 2025 15:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی شہر کی خوبصورتی اور کلین اینڈ گرین مشن کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو صحت افزاء اور کھیل کود کی سرگرمیاں فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔ پی ایچ اے کے زیر اہتمام ڈی جی پی ایچ اے رمضان کرکٹ کپ 2025 کا آغاز ہو گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب این اے 52 کے پوٹھوار گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے۔ رمضان ٹورنامنٹ کا انعقاد ہر سال کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین مشن کے ساتھ ساتھ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارکس میں سپورٹس کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی شہر کو پنجاب کا سب سے خوبصورت شہر بنائیں گے۔ انہوں نے فیتہ کاٹ کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اور ٹرافی کی رونمائی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کرکٹر مسعود انور کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنا پی ایچ اے کا ایک احسن اقدام ہے۔ نوجوانوں کو صحت افزا سہولیات اور کھیلوں کے مواقع فراہم کر کے ان کی بہترین افزائش کی جا سکتی ہے۔ بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ڈی جی پی ایچ اے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں مختلف کلبز اور ڈیپاٹمنٹس کی 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :