’فائنل میں ٹاس کی بجائے بھارت سے پوچھ لیا جائے پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا بولنگ‘، برطانوی اخبار کا گہرا طنز

ٹیلی گراف نے آئی سی سی پر بھارتی اجارہ داری کو آڑے ہاتھوں لیکر لکھا کہ بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان جانیکی اجازت نہیں دی اور اسکا پورا فائدہ بلیو شرٹس کو دیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 مارچ 2025 15:24

’فائنل میں ٹاس کی بجائے بھارت سے پوچھ لیا جائے پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مارچ 2025ء ) چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو ایک ہی گراؤنڈ پر کھیلنے کے ایڈوانٹیج پر کرکٹرز کو تنقید کر رہے ہیں اب برطانوی میڈیا بھی کھل کر سامنے آ گیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جا رہی ہے۔ اس میں میزبان پاکستان سمیت تمام ٹیموں کو ایک سے دوسرے مقام پر سفر کرنا پڑ رہا ہے جب کہ بھارت اپنے تمام میچز ایک ہی گراؤنڈ دبئی میں کھیل رہی ہے۔

 
بھارت کو یہ ناجائز فائدہ دینے پر سابق اور موجودہ کرکٹرز کو سوالات اٹھا ہی رہے ہیں اور اب برطانوی میڈیا بھی میدان میں آ گیا ہے اور اس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر گہرا طنز کیا ہے۔ 
برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو ایک ہی گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج دیے جانے پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے لکھا ہے کہ فائنل کا ٹاس کرنے سے پہلے پوچھ لیں کہ انہیں پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا بولنگ۔

(جاری ہے)

 
برطانوی اخبار نے آئی سی سی پر بھارتی اجارہ داری کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی اور اس کا پورا فائدہ بلیو شرٹس کو دیا گیا۔ 
اخبار لکھتا ہے کہ پاکستان نے میگا ایونٹ کے لیے تین وینیوز کی اپ گریڈیشن پر 16 ملین ڈالر خرچ کیے لیکن میزبان ملک ہونے کے باوجود وہ اپنے ملک میں فائنل تک کرانے سے محروم رہا۔

 
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے جے شاہ کی سربراہی میں ایسا فیصلہ کیا جس سے بھارت کو نہ سفر کرنا پڑا اور نہ مختلف کنڈیشن میں کھیلنا پڑا۔ 
ٹیلی گراف نے اپنی رپورٹ میں طنزیہ لکھا کہ جب سب کچھ ہی بھارت کی مرضی سے ہو رہا ہے تو فائنل میں ٹاس کی زحمت بھی کیوں کی جائے۔ ٹاس کرانے کے بجائے ان سے پوچھ لیا جائے کہ انہیں پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا بولنگ۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ہائبرڈ ماڈل کے تحت 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔