عورت مارچ کا ڈی چوک تک ریلی نکالنے کا اعلان، ریڈ زون جانے والے راستے بند

ریلی کی اجازت نہ ملنے پر عورت مارچ کے منتظمین نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بھی ایک خط لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 8 مارچ 2025 10:54

عورت مارچ کا ڈی چوک تک ریلی نکالنے کا اعلان، ریڈ زون جانے والے راستے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عورت مارچ کے منتظمین نے انتظامیہ سے باضابطہ اجازت نہ ملنے کے باوجود آج اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک ریلی نکالنے کا اعلان کردیا، جس کے باعث پولیس نے ریڈ زون جانے والے راستوں کو بند کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر صورتحال کے باعث ایکسپریس چوک اور سرینہ ہوٹل کے داخلی وخارجی راستے بند ہیں، ٹریفک کیلئے نادرا، میریٹ اور مارگلہ روڈ استعمال کیا جاسکتا ہے، کلب روڈ سے ریڈ زون جانے والی ٹریفک سیونتھ ایونیو کا استعمال کرے۔

عورت مارچ کی مرکزی منتظمین میں شامل ڈاکٹر فرزانہ باری کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کی طرح نیشنل پریس کلب کے باہر اجتماع کریں گے اور ڈی چوک کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ عالمی یومِ خواتین کو منایا جا سکے، جس کے لیے منتظمین نے کئی ماہ قبل اسلام آباد انتظامیہ کو باضابطہ درخواست دی تھی تاکہ نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک مارچ کی اجازت حاصل کی جائے تاہم تاحال اس کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عورت مارچ کے منتظمین نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بھی ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت دیں کہ مارچ کے انعقاد کے لیے این او سی جاری کیا جائے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے اب بھی یہی کہا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک کے باعث پروگرام کو مؤخر کردیا جائے جب کہ منتظمین پہلے ہی اس بات پر متفق ہو چکے ہیں کہ مارچ انتہائی سادگی سے کیا جائے گا، جس میں موسیقی یا کسی بھی قسم کی تقریبات شامل نہیں ہوں گی تاکہ رمضان کے تقدس کا احترام کیا جا سکے، تاہم سال میں صرف ایک بار آنے والے اس دن کو مکمل طور پر نظر انداز کرنا ممکن نہیں۔