مظفرآباد ، خواتین کے عالمی دن‘ پر کشمیری خواتین کا احتجاجی مظاہرہ،گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سہیلی سرکار میں سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 8 مارچ 2025 19:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2025ء)’’ خواتین کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں خواتین کی حالت زار کو اجاگر کرنے کیلئے آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی کا اہتمام پاسبان حریت جموں و کشمیر نے کیا تھا۔ کشمیری خواتین پر بھارتی مظالم کے خلاف سینکڑوں خواتین، لڑکیاں اور دیگر افراد جمع ہوئے، سیاہ پرچم لہرائے اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔

مظاہرے میں شریک خواتین نے بینراور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری خواتین پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم، مہناز قریشی، جماعت اسلامی کی رہنما آمنہ سلیم، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، سید سلیم شاہ ، ایڈ ووکیٹ پرویز مغل اور دیگرنے کی۔

(جاری ہے)

چوہدری لطیف اکبر نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیری خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں 40 لاکھ سے زائد خواتین بھارتی فوجیوں کی طرف سے پیدا کردہ خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی خواتین اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے دنیا بھر کے ملکوں، تنظیموں اور اداروں سے امن اور انصاف کا مطالبہ کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر تشدد اور انکے جنسی استحصال کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین کے حقوق کی تنظیمیں آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور بھارتی جیلوں میں قید دیگر کشمیری خواتین کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔ریلی برہان وانی شہید چوک سے گھرپن چوک تک نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔دریں اثناانٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر نے گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سہیلی سرکار مظفرآباد میں ایک سیمینارکا انعقاد کیا۔سیمینار کے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں خواتین پر تشدد کے واقعات کی ایک طویل فہرست ہے۔ انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری خواتین کی حالت زار کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ سیمینار سے مشتاق الاسلام، سمیعہ سجاد، عابدہ کوثر، حور العین خان، ناہیہ واجد، مقصوم ظہور کاظمی، رافعہ رفیق اور عنبش صغیر نے خطاب کیا۔