رمضان مبارک میں گیس کی بندش نا قابل قبول،نیو کراچی ٹاؤن میں گیس بندش کی شکایات کا انبارعوام پریشان

سوئی گیس کمپنی متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی کو ممکن بنائے اور سحر و افطار میں گیس کی بندش بند کی جائے۔وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر

ہفتہ 8 مارچ 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2025ء)رمضان مبارک میں گیس کی بندش نا قابل قبول۔نیو کراچی ٹاؤن میں گیس بندش کی شکایات کا انبارعوام پریشان۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیرکی اداروں کے ذمہ داروں سے ملاقات اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پریوسی چیئرمین و وائس چیئرمین ، جی ایم آئی سوئی گیس کمپنی شہبازالسلام ،GM P&C سوئی گیس کمپنی غلام علی مہر،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ علاقائی ذمہ داران ،یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین ، انچارج بی اینڈ آر فیصل صضیر ،انچارج آر سی نادر خان،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مُشتاق خان ،سُپر وائزرآر سی سید عمیر علی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے گیس بندش سے متاثرہ علاقے سیکٹر 03 اور سیکٹر 5C-2 کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور اُن کی شکایات پر فوری عمل کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ذمہ داروں کو علاقائی مسائل سے آگاہ کیا اورعلاقے میں موجود مسائل کو ختم کرنے کی ہدایات دیں ،انہوں نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کمپنی کی طرف سے لائنوں کی تنصیب سے نیو کراچی ٹاؤن کی سڑکیں اور گلیاں اجڑی ہوئی ہیں جبکہ گلیوں میں واٹر اینڈ سیوریج لائنوں کو بھی نقصان ہوا ہے جس کی وجہ سے علاقوں میں گندے پانی کے جوہڑ بن گئے ہیں جبکہ سیوریج کا پانی گیس لائنوں میں بھر گیا ہے جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں گزشتہ دو ماہ سے گیس کی فراہمی معطل ہے اور عوام ناقص اور مہنگی گیس خرید کر استعمال کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کمپنی متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی کو ممکن بنائے اور سحر و افطار میں گیس کی بندش بند کی جائے،جبکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نیو کراچی ٹاؤن میں خستہ اورناکارہ سیوریج لائنوں کو فوری مرمت و تبدیل کریں جن گیس لائنوں میں پانی بھر گیا ہے اُنہیں فوری کلیئر کریں تاکہ عوام کواس ماہ مبارک میںگیس کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر جی ایم آئی سوئی گیس کمپنی شہبازالسلام نے کہا کہ ہمیں عوام سے ہمدردی ہے سوئی گیس کمپنی لائنوں کی تنصیب 90فیصدمکمل کرچکی ہی10فیصدمکمل ہوتے ہی گیس کی بحالی کا عمل شروع ہوجائے گا جہاں گیس نہیں آرہی ہے ان کے لئے فوری ایکشن لیکر گیس کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ سحر و افطار کے ٹائم کسی بھی علاقے میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔