خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، گلشان اختر

اسلام خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے اور ہر قسم کے صنفی امتیاز کی مخالفت کرتا ہے، عالمی یوم خواتین پر خطاب

اتوار 9 مارچ 2025 11:40

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)انجمن ترقی نسواں کی چیئر پرسن محترمہ گلشان اختر نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی پسند معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ملکی ترقی کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے،وہ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں،اس موقعہ پر کرن ارمان چٹھہ،ادیبہ شہباز مرزا،فخر النسا ایڈووکیٹ، صبیحہ افتخار چٹھہ اور شبانہ کوثر نے بھی خطاب کیا،محترمہ گلشان اختر نیمزید کہا کہ اسلام خواتین کو مساوی حقوق اور عزت و احترام فراہم کرتا ہے اور ہر قسم کے صنفی امتیاز کی مخالفت کرتا ہے،اس لئے خواتین کے حقوق سے متعلق منفی رویوں کو تبدیل کیا جائے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جائے تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں، خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے انہیں اقتصادی شعبوں میں آگے لانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران خواتین نے پاکستان کے قیام اور ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا، بالخصو ص محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم جہاں آرا شاہنوا ز اور بیگم شائستہ اکرام اللہ کی مثالی قیادت اور بے لوث قربانیاں ہمیشہ یاد رہیں گی،، جنہوں نے جدوجہد آزادی کی راہ ہموار کی اور تاریخ میں اپنا نمایاں مقام بنایا، پاکستا ن کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔