آنجہانی سری دیوی کی بلاک بسٹر فلم مام (ماں)کے سیکوئل کی تصدیق

منگل 11 مارچ 2025 12:27

آنجہانی سری دیوی کی بلاک بسٹر فلم مام (ماں)کے سیکوئل کی تصدیق
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)نامور بھارتی فلم ساز بونی کپور نے آنجہانی سری دیوی کی بلاک بسٹر فلم مام (ماں)کے سیکوئل کی تصدیق کردی، جس میں خوشی کپور مرکزی کردار نبھائیں گی۔ آئیفا 2025 کی سلور جوبلی تقریبات کے دوران پروڈیوسر بونی کپور نے اپنی بیٹی خوشی کپور کو لے کر سری دیوی کی آخری فلم مام کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا۔

گرین کارپٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بونی کپور نے اپنی بیٹیوں، خوشی اور جھانوی کپور سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ بیٹیاں اپنی والدہ سری دیوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلمی دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔بونی کپور نے کہا، میں نے خوشی کی تمام فلمیں دیکھی ہیں، جیسے آرچیز، لویاپا اور نادانیاں۔

(جاری ہے)

میں نو انٹری کے بعد اس کے ساتھ ایک فلم بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں اور یہ شاید مام 2 ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم مام میں سری دیوی نے ایک طاقتور کردار ادا کیا تھا جس کی ہدایتکاری روی ادیاور نے کی تھی۔فلم میں ایک ماں کی کہانی بیان کی گئی تھی جو اپنی بیٹی کیلیے انصاف کی تلاش میں نکلتی ہے۔ سری دیوی کی اس یادگار پرفارمنس کو ناظرین اور ناقدین نے بے حد سراہا اور انہیں بعد از مرگ نیشنل ایوارڈ برائے بہترین اداکارہ سے بھی نوازا گیا۔واضح رہے کہ فلم مام میں پاکستانی ستارے عدنان صدیقی اور سجل علی بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئے تھے۔

متعلقہ عنوان :