قانونی ماہرین نے آزاد کشمیرپر بھارت کے بے بنیاد دعوے کو مستردکردیا

منگل 11 مارچ 2025 22:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)قانونی ماہرین نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں حالیہ ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قانونی طور پر بے بنیاد اور تاریخی حقائق اور زمینی حقائق کے خلاف قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے لندن میں ایک تقریب میں دعویٰ کیا تھا کہ تنازعہ کشمیر اس وقت ختم ہو جائے گا جب آزاد کشمیر بھارت میں شامل ہو گا۔

ماہرین نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، جس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا ۔پاکستان کی طرف سے بھی راج ناتھ کے بیان پرکڑی تنقید کی گئی اور اسے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے اور سیاسی فائدے کے لیے انتہائی قوم پرستی کو ہوا دینے کی ایک کوشش قرار دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک پر تنقید کی بجائے منی پور میں بدامنی اور ملک میں بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جذبات سمیت اپنے داخلی تنازعات کے حل پرتوجہ مرکوز کرے ۔قانونی ماہرین کے مطابق بھارت کے پاس آزاد جموں و کشمیر پر دعویٰ کرنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے ۔