پاکستان کا اقوام متحدہ میں غزہ، مغربی کنارے کے لئے یورپی یونین کی انسانی امداد کا خیرمقدم

بدھ 12 مارچ 2025 15:59

پاکستان کا  اقوام متحدہ میں غزہ، مغربی کنارے کے  لئے یورپی یونین کی ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) پاکستان نےغزہ اور مغربی کنارے کے لئے یورپی یونین کی امداد کا خیرمقدم کیا ہے اور اقوام متحدہ کے بجٹ کے لئے یورپی یونین کی مسلسل حمایت اور اقوام متحدہ کے امن مشن اور قیام امن کی سرگرمیوں کے لئے یورپی یونین کی وابستگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین بدلتے ہوئے جغرافیائی اور سیاسی حالات کے باوجود اقوام متحدہ کے امن مشن کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے متقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے ساتھ یورپی یونین کی شراکت داری پر سلامتی کونسل کی سالانہ بریفنگ میں خطاب کرتے ہوئے اس با ت پر زور دیا کہ پائیدار امن، پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت عالمی نظام کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب نے اس سلسلے میں یوکرین میں جلد امن قائم کرنے پر زور دیا اور یورپی یونین کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی امداد کے ساتھ ساتھ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے ) کی حمایت پر یورپی یونین کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ ہم عرب اور اب اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی)کے دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطین میں غزہ کی تعمیر نو اور امن کے منصوبے کے لئے یورپی یونین کی حمایت کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر پاکستان پیرس کلائمیٹ اگریمنٹ (معاہدہ) ، 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی، بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات، آفات سے متاثرہ افراد کے لئے انسانی امداد کی فراہمی کے لئے یورپی یونین کے عزم کو بھی سراہتا ہے۔

انہوں نے 15 رکنی کونسل کو بتایا کہ ایک ایسے وقت میں جب بین الاقوامی ترقیاتی تعاون بہت زیادہ دباؤ کا شکار ہے، یورپی یونین کی مستقل حمایت بشمول اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، فنڈز اور پروگرامز اہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپین میں ترقی کے لئے مالی اعانت سے متعلق چوتھی بین الاقوامی کانفرنس میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لئے یورپی یونین کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔

پاکستانی مندوب نے یورپی یونین اور پاکستان شراکت داری کو مضبوط، جامع اور وسیع پیمانے پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین، ایک اکائی کے طور پر پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس (جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز پلس)نے تجارت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں مختلف پروگرامز کا حوالہ دیتے ہوئے اقتصادی تعاون کے لیے جیت کے ماڈل کے طور پر کام کیا ہے۔