ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کا مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ، عملے کی حاضری و سہولیات کا جائزہ لیا

بدھ 12 مارچ 2025 17:02

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے گورنمنٹ پرائمری سکول کس گجر خان، گورنمنٹ ہائی سکول چھپرگرام اور گورنمنٹ پرائمری سکول چھپرگرام کا دورہ کیا اور عملے کی حاضری چیک کی ۔ انہوں نے سکولوں میں سہولیات بشمول کلاس رومز، لیبارٹریز، لائبریری، صفائی کی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کاجائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امتحانی ہالز، سوالیہ پرچے کی تقسیم کے عمل اور امتحان کے انعقاد کے لئے کئے گئے مجموعی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) بٹگرام سے ملاقات کی اور سکولوں میں سٹاف کی کمی کے مسئلے پر بات کی۔ ڈی ای او ایجوکیشن نے انہیں بتایا کہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلویشن ایجنسی (ای ٹی ای اے)کے تعاون سے بھرتی کی کوششیں جاری ہیں اور امید ہے کہ آئندہ چندماہ میں اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اس دوران بعض سکولوں کو درپیش عملے کی شدید کمی کو دور کرنے کے لیے عارضی انتظامات کئے جائیں گے۔