Live Updates

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ماہ رمضان کی مناسبت سے 'رمضان المبارک میں بچوں کی تربیت و نشوونما' کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 12 مارچ 2025 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں رمضان المبارک کی مناسبت سے 'رمضان المبارک میں بچوں کی تربیت و نشوونما' کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار خصوصی طور پر یونیورسٹی میں ملازمت کرنے والے والدین کے لیے ترتیب دیا گیا تھا تاکہ وہ اس مبارک مہینے کو بچوں کی بہترین تربیت اور نشوونما کے لیے موثر طریقے سے استعمال کر سکیں۔

یہ سیمینار شعبہ ارلی چائلڈہوڈ ایجوکیشن اینڈ ایلمنٹری ٹیچر ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جہاں آرا نے بطور ریسورس پرسن شرکت کی۔ انہوں نے بچوں کی تربیت، صحت اور نشوونما کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور والدین کو مفید مشورے دیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جہاں آرا نے کہا کہ بچوں کی صحت مند نشوونما کے لیے متوازن غذا، خوشگوار ماحول، جسمانی سرگرمیاں اور دماغی سکون نہایت ضروری ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو متوازن نیوٹریشن پر مبنی خوراک مہیا کریں تاکہ ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما بہتر انداز میں ہو سکے۔سیمینار میں رمضان المبارک کے دوران بچوں کو درپیش چیلنجز جیسے کہ غیر متوازن خوراک، کمزوری، نیند کی کمی، تعلیمی توجہ میں کمی اور تھکن جیسے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر جہاں آرا نے تجویز دی کہ بچوں کو روزانہ 9 سے 12 گھنٹے کی نیند مہیا کی جائے اور ان کے لیے ایسا متوازن ٹائم ٹیبل ترتیب دیا جائے جس میں پڑھائی، کھانے پینے، کھیل کود، ذہنی نشوونما کی سرگرمیوں اور دینی مشاغل کے لیے مناسب وقت مختص کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزے کی وجہ سے بچوں میں پانی کی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، لہٰذا والدین کو چاہیے کہ افطار کے بعد انہیں مناسب مقدار میں مشروبات اور پانی فراہم کریں۔ نیند کے مسائل سے بچنے کے لیے سکرین ٹائم کو محدود کرنا ضروری ہے تاکہ بچے وقت پر سو سکیں اور ان کی توانائی بحال رہے۔مزید برآں والدین کو چاہیے کہ بچوں کو روزانہ کچھ وقت سورج کی روشنی میں گزارنے کی ترغیب دیں تاکہ ان کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی نہ ہو۔

ڈاکٹر جہاں آرا نے زور دیا کہ صحت مند طرز زندگی اپنانے سے بچے جسمانی اور ذہنی طور پر زیادہ مستحکم اور متحرک ہو سکتے ہیں۔یہ سیمینار والدین کے لیے ایک رہنما ثابت ہوا جس میں انہیں رمضان المبارک کے دوران بچوں کی صحت مند نشوونما کے حوالے سے مفید مشورے اور عملی طریقے فراہم کیے گئے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات