بائر فاؤنڈیشن کا مضراب کے اشتراک سے کراچی کے پسماندہ علاقوں میں خواتین کے لیے پرائمری ہیلتھ کلینکس کے قیام کا اعلان

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 12 مارچ 2025 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ2025ء) بائر فاؤنڈیشن،سماجی جدت کو فروغ دینے کے لیے بائر کی کارپوریٹ فاؤنڈیشن ہےجس نے پاکستان کی ایک غیر منافع بخش تنظیم مضراب کو گرانٹ فراہم کی ہے جو کراچی کے پسماندہ شہری علاقوں میں تین پرائمری ہیلتھ کلینکس کے قیام کو ممکن بنائے گی ۔ 11 مارچ کو باضابطہ طور پرافتتاح کے بعد، پہلی کرن فیملی ہیلتھ کلینکس  خواتین کی تولیدی صحت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پائیدار بنیادی طبی سہولیات فراہم کریں  گے۔



مضراب کی ڈائریکٹر، عاصمہ بلال نے کہا کہ ” کراچی کا شمار ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں دنیا کی سب سے بڑی کچی آبادیاں قائم ہیں  تاہم ان علاقوں میں صحت کےبنیادی  نظام اور رہائشیوں کی بنیادی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تربیت یافتہ طبی عملہ کی کمی کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)



عالمی اقتصادی فورم کی گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2022 کے مطابق، پاکستان 156 ممالک میں سے صحت اور بقا کے حوالے سے 143 ویں نمبر پر ہے، جو صحت کی سہولیات تک رسائی میں شدید صنفی عدم مساوات کی عکاسی کرتا ہے۔



خصوصاً ان علاقوں میں رہنے والی خواتین کو محفوظ مانع حمل کی عدم دستیابی کے باعث غیر ارادی حمل کے خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، غربت اور دیگر سماجی مسائل کی وجہ سے صنفی بنیادوں پر تشدد کے واقعات بھی عام ہیں۔

بائر پاکستان لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، احمد علی نے کہا کہ ”ہمیں خوشی ہے کہ بائر فاؤنڈیشن اس پرائمری ہیلتھ کیئر منصوبے کے لیے مضراب کی مالی معاونت کر رہا ہے۔

پاکستان میں پائیدار مالی وسائل پر مبنی سوشل بزنس ماڈلز کی ترقی کی شدید ضرورت ہے۔“

فارماسیوٹیکل ڈویژن کے کنٹری کمرشل لیڈ،خرم مرزا نے کہا کہ ”یہ منصوبہ کم آمدنی والے شہری علاقوں میں انتہائی پسماندہ خواتین کے لیے بنیادی اور تولیدی صحت کی سہولیات تک رسائی میں موجود سنگین خلا کو پُر کرنے میں مدد دے گا۔ یہ خواتین کی صحت سے متعلق بائر کے مضبوط مجموعی عزم کے ساتھ بھی مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔



اس منصوبے کے تحت 3 کلینکس قائم کیے جائیں گے، جہاں ایک مختصر طبی عملہ تعینات ہوگا، جس میں ڈاکٹر، لیڈی ہیلتھ وزیٹر اور ایک معاون شامل ہوں گے۔ یہ کلینکس بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کریں گے، جن میں تولیدی صحت، مانع حمل ادویات کی دستیابی، اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے شکار افراد کی شناخت اور ریفرل شامل ہوگا۔

یہ اقدام صحت کی سہولیات تک رسائی اور صنفی عدم مساوات کے دوہرے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پسماندہ شہری علاقوں میں تربیت یافتہ خواتین طبی ماہرین کی موجودگی کو یقینی بنائے گا۔

مریض کلینک میں ٹیلی-کنسلٹیشن (tele-consultation) کی سہولت سے بھی استفادہ کرسکیں گے اور ضرورت کے مطابق تجویز کردہ ادویات حاصل کر سکیں گے۔

بائر فاؤنڈیشن کی معاونت سے یہ منصوبہ کلینکس کے آغاز کے 18 ماہ کے اندر ایک پائیدار کاروباری ماڈل کے ذریعے خود کفالت حاصل کر لے گا۔ اس ماڈل میں متنوع مالی وسائل شامل ہوں گے، جن میں مریضوں کی فیس، گرانٹس اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی (CSR) فنڈنگ شامل ہیں۔



عالمی سطح پر کام کرنے والی بائر فاؤنڈیشن دو اسٹریٹجک ستونوں پر توجہ مرکوز کرتی ہے: معاشرتی ترقی کے لیے سائنسی پیشرفت کو فروغ دینا اور دیرپا تبدیلی کے لیے سماجی کاروبار کی حوصلہ افزائی کرنا۔ مضراب کے لیے فراہم کردہ گرانٹ بائر فاؤنڈیشن کے سوشل انوویشن ایکو سسٹم فنڈ (Social Innovation Ecosystem Fund) سے حاصل کی گئی ہے، جس کا مقصد ایسے سماجی کاروباری ماڈلز کی معاونت کرنا ہے جو کم آمدنی والی کمیونٹیز پر مثبت اثر ڈال سکیں۔