عوامی تحریک کی جعفر ایکسپریس دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت

معصوم شہریوں کو یرغمال بنانے،انہیں شہید کرنے والے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا جائے،قاضی زاہد حسین

بدھ 12 مارچ 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2025ء)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملہ اور معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے اور انہیں شہید کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کا ریاست پر یہ حملہ سنگین غداری اور بغاوت ہے، اسے کچلنے کے لئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں اور دہشت گردی کے اس سانحہ میں ملوث تمام کرداروں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معصوم شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے والے دہشت گرد عناصر کے ناپاک وجود سے اس دھرتی کو پاک کیا جائے اور قومی اتحاد اور قومی اتفاق رائے کی قوت سے دہشت گردوں کو شکست فاش دی جائے۔