کاروباری ماحول کو پروان چڑھانے بارے وزیراعظم کا عزم قابل ستائش ہے ، آئی سی سی آئی قیادت

جمعرات 13 مارچ 2025 17:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وزیر اعظم شہباز شریف کی تمام وزارتوں اور متعلقہ سیکریٹریز کو ملک کے چیمبرز آف کامرس کی ان پٹ کی بنیاد پر ایک جامع پالیسی ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام کاروباری ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دے گا۔

مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کاروبار کو آسان بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے ملکی معیشت کو چلانے میں تاجر برادری کے اہم کردار کو تسلیم کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی ہے اور کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے ملکی ترقی میں کاروباری برادری کی شراکت کا اعتراف خاص طور پر مشکل معاشی دور میں ایک مثبت قدم ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ ہم تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے حکومت کے سنجیدہ عزم کو سراہتے ہیں، مشاورتی عمل میں کاروباری رہنمائوں کی شمولیت خاص طور پر بجٹ کے مباحثوں میں، ایک قابل ستائش قدم ہے جو باہمی اعتماد اور تعاون کو بڑھاوا دے گا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کاروباری ڈائنامکس کے بارے میں وزیراعظم کی گہری آگاہی سے ملک کو پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کی طرف لے جانے میں یقینی مدد ملے گی۔