ملک کے ڈالرز ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہو گئی

بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے باعث ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر سوا 11 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 13 مارچ 2025 23:34

ملک کے ڈالرز ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2025ء) ملک کے ڈالرز ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہو گئی، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے باعث ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر سوا 11 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر میں مزید کمی ہوئی ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر میں 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث اسٹیٹ بینک کے ذخائر11 ارب 24 کروڑ95 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر11ارب 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہوگئے۔ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 62 کروڑ 43 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 83 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر کا حجم 15 ارب 87 کروڑ 38 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 15ارب 92 کروڑ 89 لاکھ ڈالرز ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب زرمبادلہ ذخائر میں کمی کی وجہ سے ہر گزرتے دن کے ساتھ کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ کمزور ہو رہا ہے۔ قرضوں کی ادائیگیوں، بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے معیشت میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث جمعرات کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پرواز جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ دوبارہ 280روپے سے تجاوز کرگئے۔ جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 08پیسے کے اضافے سے 280روپے 05پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت 03 پیسے کے اضافے سے 280روپے 08پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔