دوسرے سالانہ ضمنی امتحانات کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان

ضمنی امتحانات 2024کے پرچوں میں فیل ہو جانے والے طلبا و طالبات کو سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کی ہدایت

جمعہ 14 مارچ 2025 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء)کراچی ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے دوسرے سالانہ ضمنی امتحانات سال 2024 کی مارک شیٹس جاری کرنے کا شیڈول جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 13مارچ کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد،جمشید ٹان، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی۔14مارچ کو لانڈھی، کورنگی،ملیر بن قاسم، صدر، لیاری، کیماڑی،سائٹ، اورنگی ٹان، بلدیہ ٹان اور گڈاپ مارک شیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔

چیئرمین بورڈ نے ہدایت کی ہے کہ اسکولوں کے سربراہان یا ان کے نمائندے اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ مقررہ تاریخوں میں میٹرک بورڈ میں پہلی منزل بلاک Aمتعلقہ سیکشن سے صبح 10بجے سے سہ پہر 1:00بجے تک دی گئی تاریخوں کے مطابق مارک شیٹس وصول کر سکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ طلبا وطالبات کے مارک شیٹس ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کر دی گئی ہیں دوسرے سالانہ ضمنی امتحانا ت کے اسکروٹنی فارم17ماچ سی28مارچ2025 تک نیشنل بینک، یونائیٹڈ بینک اور عسکری بینک اور بورڈ آفس بوتھ سے فارم حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں میٹرک سائنس اور جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ دوسرے سالانہ ضمنی امتحانات 2024کے پرچوں میں فیل ہو جانے والے طلبا و طالبات سالانہ امتحانات 2025 میں شرکت کرنے کیلئے اپنے امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کی18مارچ سے 25مارچ تک جمع کرا سکتے ہیں۔ریگولر طلبا و طالبات اپنے امتحانی فارم اپنے تعلیمی ادارے کے توسط سے جمع کرائیں گے،تاہم پرائیویٹ طلبہ اپنے فارم متعلقہ بینکوں میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔

شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کیساتھ امتحانی فارم26مارچ سے 28مارچ تک500روپے جبکہ تاریخ گزرنے کے بعد 2500 روپے کے ساتھ امتحانی فارم وصول کئے جائیں گے اور بغیر لیٹ فیس کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام طلبا وطالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فارم بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے تصدیق کرانے کے بعد ہی جمع کرائیں۔ علاوہ ازیں طلبہ فارم نیشنل بینک، عسکری کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک بورڈ آفس کی برانچوں سے حاصل کرکے وہیں جمع کرا سکتے ہیں۔