نبی کریم ؐ کی عزت و حرمت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے ، یوسف رضا گیلانی

جمعہ 14 مارچ 2025 22:57

نبی کریم ؐ کی عزت و حرمت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے ، یوسف رضا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء) چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے ’’یومِ تحفظِ ناموسِ رسالت ‘‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نبی کریم ؐ کی عزت و حرمت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور اس کے تحفظ کے لیے ہم ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ؐ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے، اور ان کی سیرتِ طیبہ امن، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ گستاخانہ رویوں کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر ایسی قانون سازی کی جائے جو کسی بھی مذہب یا مقدس شخصیات کی توہین کو جرم قرار دے۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قوانین ناموسِ رسالت ؐکے تحفظ کے ضامن ہیں، اور پارلیمان اس حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اس اہم معاملے پر مشترکہ مؤقف اپنائے تاکہ کسی کو بھی مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرت النبی ؐ پر عمل کرنے کی توفیق دے اور ہمیں اپنے پیارے نبی ؐ کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔