پاکستان میں کرپٹو کونسل قائم، وزیر خزانہ کو سربراہ مقرر کردیا گیا

وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کونسل کے سی ای او ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 15 مارچ 2025 15:03

پاکستان میں کرپٹو کونسل قائم، وزیر خزانہ کو سربراہ مقرر کردیا گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مارچ 2025ء ) پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کرپٹو کونسل قائم کردی گئی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے کرپٹ کونسل کا قیام کرتے ہوئے وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کو کونسل کا سی ای او مقرر کیا ہے، بلال بن ثاقب بلاک چین ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری حکمت عملی اور ڈیجیٹل جدت کے شعبے میں مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کی قیادت کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ملک میں جلد ہی کرپٹو کرنسی متعارف کرانے کی تجویز دی ہے، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تحت پہلی پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے بینکنگ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کرپٹو کرنسی کو متعارف کرانے کی ضرورت کی بھی نشاندہی کی، وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے سٹیٹ بینک ملک میں کرپٹو کرنسی متعارف کرانے پر کھلے دل سے غور کرے کیوں کہ غیر رسمی مارکیٹ میں تو پہلے سے ہی کرپٹو کرنسی کا استعمال ہورہا ہے، ڈیجیٹل اثاثوں اور اے آئی کیلئے ایک ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری بھی وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ابھرتی منڈیاں مختلف ہیں، ہمیں ایک دوسرے سے سیکھنا ہوگا، کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہماری دعائیں تھیں، برآمدات میں معدنیات کی کافی صلاحیت ہے، اگر ٹیکس کی بنیاد کو وسیع اور گہرا نہیں کریں گے تو پائیدار ترقی ممکن نہیں ہے، ریونیو لیکیجز اور کرپشن کو ختم کرنا ہے، جس کے ذریعے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیں گے، ہم ایکسپورٹس کو بڑھائیں گے اور سرحدوں کی کڑی نگرانی جاری رکھیں گے، یہی وجہ ہے کہ ملک سے پہلی بار شوگر اسمگل نہیں بلکہ برآمد کی گئی۔