مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کی ضرورت پر زور ،کشمیری سیاسی نظر بندوںکی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ

ہفتہ 15 مارچ 2025 23:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت کے درمیان ایک دیر پا اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے تنازعہ کشمیر کے تاریخی حقائق کو چھپانے اور ایک جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل خطے میں کشیدگی کا باعث ہے۔ترجمان نے کہا کہ جموںو کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دیے بغیر خطے میں پائیدار امن وترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جیلوں میں قید ہزاروں کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رمضان مبارک میں خیر سگالی کے طورپر رہا کرے۔ جنیوا میں کشمیری وفد نے جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مقررین نے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پرروشنی ڈالٹے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے ہزاروں کشمیریوں کو اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور بھارتی جیلوں میں قید کر رکھا ہے جن میںکئی خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت بلا جواز گرفتاریوں اور’’ یو اے پی اے اور پی ایس اے‘‘ جیسے کالے قوانین کو جبر کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

مقررین نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر انکی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ دریں اثنا مقبوضہ وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ہے۔ برفباری کے نتیجے میں سری نگر لیہہ ، مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ سمیت کئی شاہراہوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔