نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 3 افراد جاں بحق

زخمیوں کو نوشکی اسپتال منتقل کردیا گیا‘ میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 مارچ 2025 12:20

نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 3 افراد جاں بحق
نوشکی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مارچ 2025ء ) بلوچستان کے علاقہ نوشکی میں دالبندین شاہراہ این 40 پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زوردار دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، دھماکے کے زخمیوں کو نوشکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے، پولیس حکام کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں ہی قلعہ سیف اللہ میں لیویز لائن کے مین گیٹ پر بھی دھماکہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اس دھماکے سے گیٹ کو نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا، دونوں دھماکوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، حکام نے مزید تفصیلات جلد سامنے لانے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات کوئٹہ میں بھی دھماکہ ہوا جہاں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب کرانی کے علاقے میں بم دھماکہ ہوا، سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے ذریعے کیے گئے دھماکے کے نتیجے میں 7 سکیورٹی اہلکار نشانہ بن گئے، دھماکے میں 1 سیکورٹی اہلکار شہید ہو گیا جب کہ 6 شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد علاقے کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔